بگ بیش لیگ میں زمان خان کا کمال، آخری اوور میں میچ پلٹ دیا

بگ بیش لیگ میں پاکستان کے فاسٹ بولر زمان خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری اوور میں 6 رنز کا کامیابی سے دفاع کیا اور برسبین ہیٹ کو سنسنی خیز فتح دلا دی۔

بدھ کو کھیلے گئے میچ میں برسبین ہیٹ نے ہوبارٹ ہریکینز کو محض 3 رنز سے شکست دی، جہاں فیصلہ کن لمحہ آخری اوور ثابت ہوا۔

ہوبارٹ ہریکینز کو جیت کے لیے صرف 6 رنز درکار تھے تاہم زمان خان نے دباؤ میں غیر معمولی اعصاب کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 2 رنز دیے۔

اوور کی پہلی گیند ڈاٹ رہی، دوسری پر ایک رن بنا، تیسری اور چوتھی گیند پر بھی بیٹر رنز نہ بنا سکے، پانچویں گیند پر زمان خان نے اہم وکٹ حاصل کی جبکہ آخری گیند پر صرف ایک رن دیا گیا۔

اس طرح زمان خان نے بظاہر ہارا ہوا میچ اپنی ٹیم کے حق میں پلٹ دیا اور ان کی اس کارکردگی کو بگ بیش لیگ کے یادگار لمحات میں شمار کیا جا رہا ہے۔