کھیل میں سیاست، بھارت کا پاکستانی نژاد امریکی کرکٹرز کو ویزا دینے سے انکار

نئی دہلی: بھارت ایک بار پھر کھیل میں سیاست لے آیا ہے جہاں ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل بھارتی حکومت نے امریکا کی نمائندگی کرنے والے چار پاکستانی نژاد کرکٹرز کے ویزے مسترد کر دیے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق، جن کھلاڑیوں کو ویزا جاری نہیں کیا گیا ان میں فاسٹ بولر علی خان، شایان جہانگیر، محمد محسن اور احسان عادل شامل ہیں، جبکہ ویزا مسترد کیے جانے کی وجہ ان کھلاڑیوں کا پاکستانی پس منظر بتایا جا رہا ہے۔

امریکی فاسٹ بولر علی خان نے سوشل میڈیا پر اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ بھارتی ویزا درخواست مسترد ہونے سے امریکی ٹیم کی ورلڈ کپ تیاریوں پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

یہ صورتحال اس لیے بھی تشویشناک قرار دی جا رہی ہے کہ امریکا کے زیادہ تر میچز بھارت میں شیڈول ہیں، جن میں 7 فروری کو ممبئی کے وانکھنڈے اسٹیڈیم میں میزبان بھارت کے خلاف پہلا میچ بھی شامل ہے، جبکہ بعد ازاں امریکا کو چنئی میں نیدرلینڈز اور نمیبیا سے مقابلے کرنے ہیں۔

اگر ویزا مسئلہ بروقت حل نہ ہوا تو امریکی ٹیم کو آخری وقت میں اسکواڈ میں تبدیلیاں کرنا پڑ سکتی ہیں، جو میگا ایونٹ سے قبل ایک بڑا دھچکا ہوگا۔

تاحال بھارتی حکومت یا آئی سی سی کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا، تاہم اس اقدام کو کھیل کو سیاست سے الگ رکھنے کے اصولوں کے منافی قرار دیا جا رہا ہے۔