بی بی ایل میں انوکھا واقعہ: سست بیٹنگ پر محمد رضوان ریٹائر آؤٹ، شائقین برہم

سڈنی: آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے 15ویں ایڈیشن میں ایک غیر معمولی واقعہ اس وقت پیش آیا جب میلبورن رینیگیڈز کے کپتان ول سدرلینڈ نے سست بیٹنگ پر وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو دورانِ اننگز ریٹائر آؤٹ کر کے میدان سے باہر بلا لیا۔

یہ واقعہ پیر کو سڈنی تھنڈر کے خلاف کھیلے گئے 33ویں میچ میں پیش آیا، جہاں رضوان 23 گیندوں پر 26 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔ کپتان کے اشارے پر رضوان پویلین واپس لوٹ گئے تاکہ خود ول سدرلینڈ بیٹنگ کے لیے آ سکیں۔

بی بی ایل کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ کپتان رضوان کو میدان چھوڑنے کا اشارہ کر رہے ہیں، جس پر کمنٹیٹرز نے بھی تبصرہ کیا کہ یہ فیصلہ اس سے پہلے بھی لیا جا سکتا تھا۔ ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی اور شائقینِ کرکٹ نے اس فیصلے کو نامناسب اور شرمناک قرار دیتے ہوئے سخت ردِعمل دیا۔

واضح رہے کہ محمد رضوان رواں بی بی ایل سیزن میں بیٹنگ کے حوالے سے مشکلات کا شکار رہے ہیں۔ وہ اب تک 8 میچوں میں 167 رنز بنا سکے ہیں، ان کی اوسط 20.88 رہی جبکہ وہ کوئی نصف سنچری اسکور نہیں کر پائے۔

بعض رپورٹس کے مطابق، رضوان نے اپنی اننگز کے دوران 9 گیندوں پر کوئی رن بھی اسکور نہیں کیا تھا، جس پر ٹیم مینجمنٹ نے دباؤ میں یہ فیصلہ کیا۔

میچ کی بات کی جائے تو میلبورن رینیگیڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے، تاہم بارش سے متاثرہ مقابلے میں سڈنی تھنڈر نے ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت چار وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔