ٹی20 ورلڈ کپ: بنگلہ دیش کے میچز کی میزبانی کیلئے پاکستان نے دلچسپی ظاہر کردی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش ٹیم کے بھارت نہ جانے کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے میچز کی میزبانی میں باضابطہ دلچسپی ظاہر کردی ہے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق، اگر سری لنکا کے وینیوز دستیاب نہ ہوئے تو پاکستان کے تمام کرکٹ اسٹیڈیمز بنگلہ دیش کے میچز کے انعقاد کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پہلے ہی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور آئی سی سی ویمنز کوالیفائرز کی کامیاب میزبانی کرچکا ہے، اس لیے ٹی20 ورلڈ کپ کے میچز کا انعقاد بھی بغیر کسی مشکل کے ممکن ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی، راولپنڈی اور دیگر بڑے وینیوز عالمی معیار کی سہولیات اور فول پروف سیکیورٹی کے ساتھ دستیاب ہیں۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت جا کر کھیلنے سے انکار کر رکھا ہے اور آئی سی سی کو باضابطہ طور پر آگاہ بھی کر دیا ہے۔

تاہم بنگلہ دیش کے میچز کی منتقلی سے متعلق حتمی فیصلہ اب آئی سی سی نے کرنا ہے۔