پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے لیے دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے بعد اب پلیئرز ڈرافٹ کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، پی ایس ایل 11 کا ڈرافٹ 30 جنوری کو ہونے کا امکان ہے، جس کے لیے پی ایس ایل مینجمنٹ نے باضابطہ پلاننگ شروع کر دی ہے۔
ڈرافٹ سے قبل تمام انتظامی اور تکنیکی معاملات جلد نمٹانے کی حکمت عملی ترتیب دی جا چکی ہے جبکہ ڈرافٹ کے وینیو اور تاریخ کا سرکاری اعلان بھی جلد متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 11 کا ڈرافٹ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران ایک روز کے وقفے میں منعقد کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر تمام 8 فرنچائزز کے مالکان، کوچز اور دیگر نمائندے شریک ہوں گے۔ ڈرافٹ کے ذریعے ٹیمیں اپنے اسکواڈز کو حتمی شکل دیں گی جس سے لیگ کے مقابلے مزید دلچسپ ہونے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز، کراچی کنگز، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے ساتھ دو نئی ٹیمیں سیالکوٹ اور حیدرآباد بھی شامل ہو چکی ہیں۔ نئی فرنچائزز کی آمد سے نہ صرف لیگ کی مالی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے بلکہ دونوں شہروں کے شائقین میں بھی زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔

