پی ایس ایل میں 2 نئی ٹیموں کی شمولیت، حیدرآباد اور سیالکوٹ فرنچائزز فروخت

اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت کا باضابطہ اعلان ہوگیا ہے، جس کے بعد لیگ میں ٹیموں کی مجموعی تعداد 8 ہوگئی۔

جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ نیلامی کے عمل میں ساتویں فرنچائز ایف کے ایس گروپ نے 175 کروڑ روپے میں خریدی اور ٹیم کے لیے حیدرآباد کا انتخاب کیا، جبکہ آٹھویں فرنچائز اوزی ڈیولپرز نے ریکارڈ 185 کروڑ روپے میں حاصل کر کے ٹیم کا نام سیالکوٹ رکھا۔

نیلامی کے عمل میں علی ترین کے دستبردار ہونے کے بعد 9 گروپس شریک ہوئے اور دونوں ٹیمیں مجموعی طور پر 3 ارب 60 کروڑ روپے میں فروخت ہوئیں۔

حیدرآباد ٹیم کے مالک فواد سرور نے کہا کہ وہ حیدرآباد میں پلے بڑھے ہیں اور آغاز سے ہی اسی شہر کی نمائندگی چاہتے تھے، جبکہ سیالکوٹ فرنچائز کے حمزہ مجید نے بتایا کہ سخت مقابلے کے باوجود ان کا ہدف ٹیم حاصل کرنا تھا۔

تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، پی ایس ایل سی ای او سلمان نصیر، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔

بعدازاں، پاکستان شاہینز اور ہانگ کانگ سپر سکسز کی فاتح ٹیموں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔

وزیر اعظم نے کامیاب نیلامی پر پی سی بی اور چیئرمین محسن نقوی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نئی ٹیموں کی شمولیت سے پی ایس ایل میں نئی روح پھونک دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کا انعقاد 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک ہوگا۔