پاکستان کی شاندار فتح، سری لنکا کو پہلے ٹی20 میں 6 وکٹوں سے شکست

دمبولا میں کھیلے گئے تین ٹی20 میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی اور سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس کے جواب میں سری لنکن ٹیم 19.2 اوورز میں 128 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

جنتھ لیانگے 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ہسارنگا اور اسالانکا نے 18، 18 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا اور ابرار احمد نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان اور محمد وسیم جونیئر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

129 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے بااعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 17 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔

صاحبزادہ فرحان نے 36 گیندوں پر 51 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، صائم ایوب نے 24 رنز بنائے، سلمان علی آغا 16 اور فخر زمان 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جبکہ شاداب خان 18 اور عثمان خان 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔