آئی پی ایل سے ڈراپ ہونے کے بعد مستفیض الرحمان کی پی ایس ایل 11 میں انٹری

بنگلا دیش کے مایہ ناز فاسٹ بولر مستفیض الرحمان نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے لیے باضابطہ رجسٹریشن کرا دی ہے۔

پی ایس ایل 11 کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے جو 20 جنوری تک مکمل کیا جا سکے گا۔

ذرائع کے مطابق، مستفیض الرحمان سمیت متعدد بنگلا دیشی کرکٹرز نے لیگ میں شرکت کے لیے اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے۔

یاد رہے کہ مستفیض الرحمان کو انتہا پسند ہندوؤں کے دباؤ کے بعد آئی پی ایل 2026 سے ریلیز کر دیا گیا تھا، جس کے بعد بنگلا دیش کرکٹ بورڈ اور بھارتی کرکٹ حلقوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

اس پیش رفت کے بعد بنگلا دیش کرکٹ نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا عندیہ دیتے ہوئے میچز کسی متبادل وینیو پر منتقل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 کے لیے اب تک تقریباً 10 بنگلا دیشی کرکٹرز رجسٹریشن کرا چکے ہیں جن میں شکیب الحسن، تسکین احمد، رشاد حسین، توحید ہردوائے، تنزید حسن، محمود اللہ ریاض اور حسن محمد شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید بنگلا دیشی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن متوقع ہے، جبکہ ٹیموں کا انتخاب جنوری کے آخری ہفتے میں متوقع پلیئر ڈرافٹ یا آکشن کے ذریعے ہوگا۔