فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اپنے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے معروف ترجمان ابو عبیدہ کی شہادت کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔
القسام بریگیڈز کے نئے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو بیان میں بتایا گیا کہ ابو عبیدہ سمیت القسام کے متعدد سینئر کمانڈر اسرائیلی حملوں میں شہید ہو چکے ہیں۔
بیان کے مطابق، شہید ہونے والوں میں القسام بریگیڈز کے اہم رہنما محمد السنوار، رفح بریگیڈ کے کمانڈر محمد شبانہ، حکم العیسیٰ اور رائد سعد شامل ہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ یہ تمام کمانڈر رواں برس مختلف اوقات اور مختلف مقامات پر اسرائیلی بمباری اور فوجی کارروائیوں کے دوران شہید ہوئے۔
القسام بریگیڈز نے تصدیق کی کہ ابو عبیدہ کا اصل نام حذیفہ الکحلوت تھا اور وہ القسام کے میڈیا ونگ ’’الاعلام العسکری‘‘ کے سربراہ بھی تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ حذیفہ الکحلوت نے 20 سال سے زائد عرصے تک القسام بریگیڈز کے ترجمان کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور عسکری میڈیا کو جدید خطوط پر منظم کیا، جس کے باعث وہ فلسطینی مزاحمت کی سب سے نمایاں آواز بن کر سامنے آئے۔
بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ یحییٰ السنوار کے بھائی محمد السنوار، شہید محمد الضیف کے بعد القسام بریگیڈز کے سربراہ تھے، جن کی شہادت کی تصدیق بھی اب کر دی گئی ہے۔
حماس کے مطابق، اسرائیل کی جانب سے پہلے مختلف اوقات میں ان رہنماؤں کی ہلاکت کے دعوے کیے گئے تھے، جن کی اب القسام بریگیڈز نے باضابطہ توثیق کر دی ہے۔
حماس کے بیان میں کہا گیا کہ ابو عبیدہ ہمیشہ نقاب میں سامنے آتے رہے اور جنگی صورتحال، اسرائیلی حملوں، جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے سے متعلق بیانات کے ذریعے فلسطینی عوام اور عالمی رائے عامہ کو مسلسل آگاہ کرتے رہے۔
واضح رہے کہ ان کا آخری ویڈیو بیان ستمبر کے اوائل میں سامنے آیا تھا، جس کے بعد اسرائیل نے اسی ماہ انہیں نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔
حماس نے کہا ہے کہ قیادت کی یہ قربانیاں مزاحمت کے عزم کو کمزور نہیں کریں گی بلکہ فلسطینی عوام کی جدوجہد کو مزید تقویت دیں گی، اور القسام بریگیڈز اپنی مزاحمتی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گی۔

