کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف) کے تحت 10 سالہ معاہدہ، صاف توانائی اور ماحولیاتی بحالی کے منصوبوں پر سرمایہ کاری کی جائے گی۔
اسلام آباد: عالمی بینک نے پاکستان کی معیشت میں استحکام کو سراہتے ہوئے 20 ارب ڈالر کے ترقیاتی قرضے پر مشتمل کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف) کے تحت 10 سالہ معاہدے کا اعلان کیا ہے۔
عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر، ناجی بن ہیسن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستان میں معاشی استحکام مضبوط ہو رہا ہے، اور اس بنیاد پر عالمی بینک نے پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ناجی بن ہیسن کا کہنا تھا کہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک 2026 سے شروع ہوگا اور یہ پاکستان کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ اس پروگرام کے تحت 20 ارب ڈالر کی فنڈنگ کو صاف توانائی، ماحولیاتی بحالی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں میں استعمال کیا جائے گا۔
عالمی بینک کے مطابق، یہ فریم ورک پاکستان میں طویل المدتی ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ اقتصادی استحکام کے لیے نئی امیدوں کو جنم دے گا۔ یہ معاہدہ پاکستان کی معاشی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے ایک نیا قدم ثابت ہو گا۔

