عالمی بینک کی پاکستان کیلئے 700 ملین ڈالر فنانسنگ کی منظوری، معاشی استحکام اور عوامی خدمات میں بہتری کا ہدف
عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 700 ملین ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دے دی ہے جو پاکستان پبلک ریسورسز فار انکلوژو ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت فراہم کی جائے گی۔
عالمی بینک کے مطابق، یہ پروگرام میکرو اکنامک استحکام، شفاف مالی نظم و نسق اور عوامی خدمات کی بہتری کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
منظور شدہ رقم میں سے 600 ملین ڈالر وفاقی حکومت جبکہ 100 ملین ڈالر صوبہ سندھ کو دیے جائیں گے، جبکہ مجموعی طور پر اس پروگرام کے تحت مختلف مراحل میں 1.35 ارب ڈالر تک فنانسنگ فراہم کی جائے گی۔
عالمی بینک کا کہنا ہے کہ فنڈز کی فراہمی اصلاحاتی اہداف اور طے شدہ نتائج کے حصول سے مشروط ہوگی، جس کا مقصد ٹیکس نظام کو مؤثر بنانا، مالی شفافیت کو فروغ دینا اور ڈیجیٹل ڈیٹا و مالیاتی نظام کے ذریعے سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانا ہے۔
عالمی بینک کے مطابق، یہ پروگرام آئی ایم ایف کی ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی اور نیشنل فسکل پیکٹ سے ہم آہنگ ہے، جبکہ خاص طور پر سندھ میں صحت، تعلیم اور سماجی شعبوں کے لیے وسائل میں اضافے کی توقع ہے۔
عالمی بینک کا کہنا ہے کہ ان اصلاحات سے نہ صرف حکومتی کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ شفافیت اور عوامی اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔

