پی آئی اے کی نجکاری آخری مرحلے میں داخل، بولی 23 دسمبر کو ہوگی، ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن پر بڑا فیصلہ

قومی ائیرلائن پی آئی اے کی نجکاری کا عمل آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور بولی کے لیے الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق، پی آئی اے خریدنے میں دلچسپی رکھنے والے چاروں کنسورشیم کے آفیشلز نے ہفتے کے روز کراچی میں سی ای او پی آئی اے اور اعلیٰ افسران سے تفصیلی اجلاس کیا، جس میں نجکاری کمیشن کے نمائندے بھی شریک تھے۔

کنسورشیم نے یومیہ بنیادوں پر مالی، آپریشنل اور انسانی وسائل سے متعلق مکمل ریکارڈ طلب کر لیا ہے جبکہ انہیں موجودہ اور ریٹائرڈ ملازمین، ملکی و بین الاقوامی روٹس، آمدن، پائلٹس، انجینئرز، فضائی میزبانوں اور گراؤنڈ اسٹاف سمیت تمام ضروری تفصیلات فراہم کر دی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق، ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن پی آئی اے خریدنے والے کنسورشیم کی ذمہ داری نہیں ہوگی۔

چاروں کنسورشیم 23 دسمبر کو اپنی حتمی بولیاں پیش کریں گے اور سب سے زیادہ بولی لگانے والے کنسورشیم کو قومی ائیرلائن حوالے کی جائے گی۔

وزیراعظم سیکرٹریٹ کی جانب سے بھی پی آئی اے انتظامیہ کو کنسورشیم کے ساتھ مکمل تعاون اور تفصیلات کی فراہمی کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے بولی کا عمل میڈیا پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اس وقت پی آئی اے کے پاس 34 طیارے اور 90 سے زائد ملکی و بین الاقوامی روٹس موجود ہیں۔