اوگرا نے دسمبر کے لیے ایل این جی کی قیمتوں میں 5.90 فیصد تک کمی کر دی

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مائع قدرتی گیس (ایل این جی/آر ایل این جی) کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت دسمبر کے لیے قیمتوں میں 5.90 فیصد تک کمی کی گئی ہے۔

اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق، سوئی سدرن گیس کمپنی کے سسٹم پر ایل این جی کی قیمت میں 0.68 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 10.78 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کر دی گئی ہے۔

اسی طرح سوئی ناردرن گیس کمپنی کے سسٹم پر ایل این جی کی قیمت میں 0.57 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 11.83 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو طے کی گئی ہے۔

اوگرا کے مطابق، درآمدی آر ایل این جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم دسمبر سے ہوگا، جس سے صنعتی اور کمرشل صارفین کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔