چیمپئنز ٹرافی میں شدید بارش کے باعث گیلی آؤٹ فیلڈ، دونوں ٹیموں کو 1، 1 پوائنٹ مل گیا۔
لاہور: چیمپئنز ٹرافی کے نویں میچ میں آسٹریلیا اور افغانستان کے درمیان شدید بارش کے باعث میچ کو ختم کر دیا گیا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں آسٹریلیا نے 274 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 12.5 اوورز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 109 رنز بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے کھیل روکنا پڑا۔ بارش رکنے کے بعد گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے میچ کو ختم کرتے ہوئے دونوں ٹیموں کو 1، 1 پوائنٹ دے دیا گیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر ٹریوس ہیڈ برق رفتاری سے 59 اور کپتان اسٹیون اسمتھ 19 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔ میتھیو شارٹ نے 20 رنز بنائے اور آؤٹ ہوئے۔
افغانستان کی طرف سے عظمت اللہ عمرزئی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کی ٹیم 50 اوورز میں 273 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔ افغانستان کا آغاز اچھا نہیں رہا، اوپنر رحمان اللہ گرباز صفر پر آؤٹ ہوئے، تاہم ابراہیم زادران اور صدیق اللہ اتل نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 67 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ ابراہیم 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اور رحمت شاہ بھی صرف 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
صدیق اللہ اتل نے 85، حشمت اللہ شاہدی نے 20، محمد نبی 1، گلبدین نائب 4 اور راشد خان 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عظمت اللہ عمر زئی نے 67 اور نور احمد نے 6 رنز بنائے اور آؤٹ ہو گئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے بین ڈورشوئس نے 3، اسپینسر جانسن اور ایڈم زمپا نے 2، 2 جبکہ گلین میکسویل اور ناتھن ایلیس نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

