اسلام آباد: کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر 20 برس بعد دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں انہیں بے حد پرتپاک اور شاندار انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نور خان ایئربیس پر ذاتی طور پر معزز مہمان کا استقبال کیا۔ اعلیٰ حکومتی شخصیات، وفاقی وزرا اور اہم حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
طیارے سے باہر آتے ہی صدر آصف زرداری نے کرغزستان کے صدر کا بغلگیر ہوکر استقبال کیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے صدر صادر ژپاروف کو پھول پیش کیے، جس پر انہوں نے مسرت اور تشکر کا اظہار کیا۔ اس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا، جبکہ دونوں ممالک کے پرچم تھامے بچوں نے مہمان وفد کا خیرمقدم کیا۔
ایئربیس پر پہنچنے پر کرغزستان کے صدر کو 21 توپوں کی سلامی اور مسلح افواج کے دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ صدر ژپاروف کے ہمراہ اعلیٰ سرکاری حکام، کابینہ ارکان اور کاروباری شخصیات پر مشتمل بڑا وفد بھی پاکستان پہنچا ہے، جو مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہم ملاقاتیں کرے گا۔
اپنے قیام کے دوران کرغزستان کے صدر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے، جن میں تجارت، توانائی، سیاحت، تعلیم، سکیورٹی اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر غور ہوگا۔ دونوں ممالک کے درمیان متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔ اس کے علاوہ صدر ژپاروف اسلام آباد میں منعقدہ بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ دورہ پاکستان اور کرغزستان کے دیرینہ تعلقات کو نئی سمت دینے، خطے میں رابطوں کے فروغ اور معاشی مواقع کے نئے دروازے کھولنے کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

