اسلام آباد: وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے مطابق عالمی میگزین فوربز نے اپنی تازہ رپورٹ میں پاکستان کے مالیاتی ٹیکنالوجی (فن ٹیک) سیکٹر میں ہونے والی تیز رفتار ترقی اور سرمایہ کاری کے نمایاں اضافے کو سراہا ہے۔
فوربز کی رپورٹ کے مطابق، 2024 میں پاکستان کے فن ٹیک شعبے میں سرمایہ کاری دوگنی ہو کر 26.3 ملین ڈالر تک پہنچ گئی، جب کہ 2023 میں یہ رقم 12.5 ملین ڈالر تھی۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 2025 کے پہلے چھ ماہ میں فن ٹیک سیکٹر میں سرمایہ کاری بڑھ کر 52.5 ملین ڈالر تک پہنچ چکی ہے، جو اس صنعت کی مضبوط پیشرفت اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کی علامت ہے۔
وزارت آئی ٹی کا کہنا ہے کہ حکومت کے ڈیجیٹلائزیشن ایجنڈے اور ٹیک سیکٹر کے فروغ کے لیے جاری پالیسیوں نے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد مستحکم کیا ہے۔ پاکستان اسٹارٹ اپ فنڈ کے تحت ایکویٹی فری گرانٹس کا اجراء بھی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافے کا اہم ذریعہ بن رہا ہے۔
وزارت کے مطابق، پاکستان میں ٹیک بیسڈ معیشت کی جانب مسلسل پیش قدمی نے اسٹارٹ اَپ کلچر میں مثبت تبدیلیوں کو جنم دیا ہے، اور یہ ترقی ملک کو ایک جدید، مضبوط اور ڈیجیٹل پاکستان کی تشکیل کے حکومتی وژن کے مزید قریب لے جا رہی ہے۔

