راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دو الگ الگ کارروائیاں کر کے بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الخوارج کے سات دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، یکم دسمبر کو میر علی اور اسپن وام کے علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔ میر علی میں کارروائی کے دوران دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں چھ خوارج جہنم واصل ہوگئے، جب کہ اسپن وام میں دوسرے آپریشن میں ایک مزید خارجی دہشت گرد کو ہلاک کیا گیا۔
دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک عناصر سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ اور متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، علاقے میں بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے نیٹ ورک کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔ وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ وژن "عزمِ استحکام” کے تحت ملک بھر میں غیر ملکی پشت پناہی یافتہ دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔

