امریکی صدر کا افغانستان میں چھوڑا گیا اسلحہ اور بگرام ائیر بیس کا کنٹرول واپس لینے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ افغانستان سے انخلا کے وقت چھوڑا گیا اسلحہ اور بگرام ائیر بیس کا کنٹرول واپس لیا جائے گا۔

صدر ٹرمپ نے افغانستان سے امریکی انخلاء کے طریقہ کار کو ناقص قرار دیتے ہوئے اربوں ڈالر کے عسکری ساز و سامان کے چھوڑے جانے کا ذمہ دار جو بائیڈن انتظامیہ کو قرار دیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا کا افغانستان کو اربوں ڈالر دینا تشویش کا باعث ہے، افغانستان سے انخلا کے دوران اربوں ڈالر کا اسلحہ اور فوجی سامان وہیں چھوڑ دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 70 ہزار گاڑیاں پیچھے چھوڑ دیں، طالبان 7 لاکھ 77 ہزار رائفلیں، 70 ہزار بکتربند ٹرک اور گاڑیاں بیچ رہے ہیں، چھوڑا گیا امریکی اسلحہ واپس لیں گے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کو بگرام ائیربیس پر اپنا کنٹرول برقرار رکھنا چاہیے تھا، بگرام ائیر بیس چین پر نظر رکھنے کے لیے انتہائی اہم ائیر بیس ہے، ہم بگرام ائیربیس افغان طالبان سے واپس لیں گے، بائیڈن انتظامیہ کی انخلا میں ناکامیوں کے ذمہ داروں کو نتائج کا سامنا کرنا ہو گا۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق، افغان طالبان پاکستان میں فتنۃ الخوارج کو دہشتگردی کے لیے مالی اور آپریشنل سپورٹ فراہم کر رہے ہیں، 2024 میں 600 سے زائد حملوں میں بیشتر افغان سرزمین سے کیے گئے۔

امریکی وزارت دفاع کے مطابق 2021 تا 2025 امریکا نے افغان دفاعی فورسز کو 18.6 ارب ڈالر کا فوجی ساز و سامان فراہم کیا، افغان فورسز کو طیارے، اسلحہ، گاڑیاں اور مواصلاتی نظام دیا گیا۔