پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات 4 ماہ میں 6.4 ارب ڈالر کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

اسلام آباد: پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ میں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

عارف حبیب سکیورٹیز کی رپورٹ کے مطابق، اس عرصے میں ملک سے 6 ارب 40 کروڑ ڈالر کی ٹیکسٹائل مصنوعات دنیا بھر کو برآمد کی گئیں، جو ملکی تاریخ میں چار ماہ کی سب سے بڑی ایکسپورٹس ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مجموعی ٹیکسٹائل برآمدات میں نٹ ویئر کا حصہ 1 ارب 90 کروڑ ڈالر اور ریڈی میڈ گارمنٹس کا حصہ 1 ارب 40 کروڑ ڈالر رہا، جو دونوں شعبوں کے لیے ریکارڈ سطح ہے۔ عالمی سطح پر پاکستان کی معیاری اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی بڑھتی ہوئی مانگ اس کامیابی کی اہم وجہ قرار دی گئی ہے۔

عارف حبیب سکیورٹیز کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیاں اور پالیسی تسلسل، صنعتی سہولت کاری اور برآمدی شعبے پر توجہ نے ٹیکسٹائل صنعت کی مسابقتی حیثیت کو بڑھایا ہے۔ اس کے نتیجے میں ملکی تجارتی ماحول مستحکم ہوا اور کاروباری اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ترجیح برآمدات کو فروغ دینا اور صنعت کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا رہا، جس کے نتیجے میں توانائی کی لاگت میں بتدریج استحکام اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی کارکردگی نے ٹیکسٹائل برآمدات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔