اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اعلان کیا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ حتمی شکل اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ این ایف سی ایوارڈ سے متعلق اجلاس آئندہ ہفتے منعقد ہوگا، جہاں اہم مالیاتی اور مالی تقسیم کے معاملات زیر بحث آئیں گے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر مکمل طور پر عمل پیرا ہے اور اس حوالے سے پیش رفت تسلسل سے جاری ہے۔ ان کے مطابق مینوفیکچرنگ سیکٹر میں بہتری خوش آئند ہے جبکہ برآمدات میں مجموعی طور پر پانچ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے لیے ادائیگیوں کا توازن اور کرنٹ اکاؤنٹ کی بہتری بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ آئی ٹی شعبے میں ماہانہ بنیادوں پر نمایاں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے جبکہ ترسیلات زر میں بھی اضافہ جاری ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق، آئی ٹی سیکٹر بہترین کارکردگی دکھا رہا ہے اور حکومت نجی شعبے کی حوصلہ افزائی جاری رکھے ہوئے ہے۔
محمد اورنگزیب نے مزید بتایا کہ پالیسی ریٹ میں کمی سے قرضوں کی ادائیگیوں پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں جبکہ حکومت جلد پانڈا بانڈ کے اجراء کی تیاری کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت ’’پاکستان فرسٹ‘‘ کے ایجنڈے کے ساتھ معیشت کو استحکام کی جانب لے جا رہی ہے۔

