خیبرپختونخوا میں گورنر تبدیلی اور ممکنہ گورنر راج کے نفاذ سے متعلق سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی کو برقرار رکھنے یا ان کی جگہ نیا گورنر تعینات کرنے کی تجاویز زیر غور ہیں، جبکہ اس عہدے کے لیے 6 ناموں پر مشاورت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق، زیر غور امیدواروں میں تین سیاسی شخصیات میں امیر حیدر خان ہوتی، پرویز خٹک اور آفتاب شیر پاؤ شامل ہیں۔ سیاسی ناموں کے ساتھ ساتھ تین سابق فوجی افسران، لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد ربانی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) غیور محمود اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) طارق خان کے نام بھی فہرست میں موجود ہیں۔
واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) غیور محمود سابق آئی جی ایف سی جبکہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد ربانی سابق کور کمانڈر پشاور رہ چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، موجودہ گورنر فیصل کریم کنڈی بھی بطور پہلی چوائس زیر غور ہیں اور ان کو برقرار رکھنے کے امکان کو بھی مسترد نہیں کیا جا رہا۔
دوسری جانب، عہدے سے ہٹائے جانے کی خبروں پر فیصل کریم کنڈی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں گورنر تبدیلی سے متعلق کوئی اطلاع نہیں، میڈیا پر چلنے والی خبروں کے بارے میں بھی وہ بے خبر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی جو فیصلہ کرے گی وہ اسے قبول کریں گے۔

