پشاور ایف سی ہیڈکوارٹر خودکش حملہ: تینوں حملہ آوروں کی افغان شہریت کی نادرا سے تصدیق

پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹر پر ہونے والے خودکش دھماکوں کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق، نادرا نے حملے میں ملوث تینوں خودکش حملہ آوروں کی افغان شہریت کی باقاعدہ تصدیق کر دی ہے، تاہم ان کے بارے میں مزید بایوڈیٹا یا شناختی معلومات تاحال موصول نہیں ہو سکیں۔

تحقیقات کرنے والی ٹیم کے مطابق اب تک 100 سے زائد مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی جا چکی ہے، جبکہ رحمان بابا قبرستان سے ایف سی ہیڈکوارٹر تک حملہ آوروں کی آمد کی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تفتیشی ٹیم حملہ کرنے والوں کے سہولت کار کی تلاش میں مصروف ہے، جبکہ حملے کے روز تینوں خودکش حملہ آوروں کے پاس کوئی موبائل فون موجود نہیں تھا۔

واضح رہے کہ 24 نومبر کو ایف سی ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے اس خودکش حملے میں 3 ایف سی اہلکار شہید جبکہ تینوں حملہ آور ہلاک ہوئے تھے۔