ایف بی آر نومبر کا ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں ناکام؛ 156 ارب روپے کا شارٹ فال ریکارڈ

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نومبر میں ٹیکس وصولی کا مقررہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا، جس کے باعث محکمے کو نمایاں مالی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق، نومبر کے لیے 1034 ارب روپے کا ہدف مقرر تھا، تاہم محکمے کو صرف 878 ارب روپے کی وصولی ہوسکی، جس کے نتیجے میں 156 ارب روپے کا شارٹ فال ریکارڈ کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہ کے اختتام پر ایک روز میں شارٹ فال میں تقریباً 5 ارب روپے تک کمی ہونے کی توقع ہے۔

دسمبر کے لیے ٹیکس وصولی کا ہدف 1406 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں بھی کارکردگی تسلی بخش نہیں رہی۔ موجودہ مالی سال میں جولائی تا نومبر مجموعی ٹیکس وصولی 4715 ارب روپے رہی، جو 5083 ارب روپے کے ہدف سے 413 ارب روپے کم ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ٹیکس وصولی کے اہداف کے دباؤ کے باعث ایف بی آر کے تمام دفاتر آج بھی کھلے رکھے گئے ہیں، تاکہ رواں ماہ کے ممکنہ شارٹ فال کو کم کرنے کی کوشش کی جاسکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ادارہ مقررہ اہداف پورے کرنے کے لیے پرعزم ہے۔