سیکیورٹی فورسز کی بڑی کاروائی، بھارتی پراکسی کے 22 خوارج ہلاک

ڈیرہ اسماعیل خان: سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیے گئے ایک بڑے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں بھارتی پراکسی "فتنہ الخوارج” سے تعلق رکھنے والے 22 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، کارروائی 26 نومبر کو کی گئی جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پائی گئی تھیں۔

اعلامیے کے مطابق، فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے دوران دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جوابی کارروائی میں 22 خوارج واصلِ جہنم کر دیے گئے۔ علاقے میں مزید کسی بھی بھارتی سرپرست خوارج کی ممکنہ موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن بدستور جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ "عزمِ استحکام” کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی قومی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی، اور ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی اور 22 خوارج کے ہلاک کیے جانے کو فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیت کا ثبوت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بہادر سپاہیوں نے ایک بار پھر فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، خیبر پختونخوا میں امن کے لیے فورسز کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں، اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔