عوام نے نفرت کی سیاست کو مسترد کر دیا، عمران خان اکیلا نہیں بلکہ لانے والے بھی ذمہ دار ہیں، نواز شریف
لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے نومنتخب اراکین اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر فیصلہ سنایا ہے اور جھوٹ، نفرت اور گالیوں کی سیاست کو واضح طور پر مسترد کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے ملک میں جھوٹ، بدتمیزی اور فتنہ پر مبنی بیانیے کو شکست ہوئی ہے جبکہ ضمنی انتخابات میں ن لیگ کی کامیابی عوامی اعتماد کا ثبوت ہے۔ نواز شریف نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت نے نہ کوئی ترقیاتی منصوبہ شروع کیا اور نہ ہی گورننس کے معیار کو بہتر بنایا بلکہ بدتہذیبی کا کلچر عام ہوا، خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچا اور میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں، یہاں تک کہ ملک کو معاشی تباہی کے دہانے تک لے جایا گیا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ن لیگ نے ہر دور میں ملک کی ترقی کو ترجیح دی اور آج بھی میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر کام جاری ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے جبکہ ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال کر استحکام کی طرف گامزن کیا گیا ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ سال میں ہم نے عوامی خدمت کا ریکارڈ قائم کیا اور پاکستان کو اخلاقی و معاشرتی دیوالیہ پن سے بھی بچایا ہے۔
انہوں نے بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اکیلا مجرم نہیں بلکہ اسے اقتدار تک لانے والے عناصر بھی برابر کے ذمہ دار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسروں کو چور قرار دینے والے خود چور ثابت ہوئے اور فتنہ، فساد اور جلاؤ گھیراؤ کے ماحول میں کوئی بھی قوم ترقی نہیں کرسکتی۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، غریبوں کے لیے ایک لاکھ 20 ہزار گھروں کی تعمیر جاری ہے، مفت علاج کی سہولیات بڑھائی جا رہی ہیں، نئے اسپتال بن رہے ہیں اور ہر ضلع میں گرین بسیں چل رہی ہیں۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے الیکشن بائیکاٹ کے دعوے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کیسا بائیکاٹ ہے جس میں عمر ایوب کی اہلیہ خود الیکشن لڑ رہی تھیں۔ نواز شریف نے اراکین اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ مستقبل کی حکمت عملی، عوامی خدمت اور معاشی استحکام پر پوری توجہ دیں۔

