جنرل ساحر شمشاد مرزا کی صدر اور وزیراعظم سے الوداعی ملاقاتیں

اسلام آباد: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنی مدتِ ملازمت کے اختتام سے قبل صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے الگ الگ الوداعی ملاقاتیں کیں، جن میں ملک کے دفاع اور عسکری خدمات پر ان کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ایوانِ صدر میں ہونے والی ملاقات کے دوران صدر مملکت نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قیادت اور قومی سلامتی کے لیے ادا کی گئی ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

بعد ازاں، وزیراعظم ہاؤس میں سبکدوش ہونے والے چیئرمین جوائنٹ چیفس نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جہاں وزیراعظم نے ان کی پیشہ ورانہ مہارت، ملکی دفاع کے لیے ان کی کاوشوں اور عسکری قیادت میں ان کے کردار کی تعریف کی۔

واضح رہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کے بعد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کر دیا گیا ہے، اور جنرل ساحر شمشاد مرزا 27 نومبر 2025 کو مقررہ مدت پوری کرنے پر باقاعدہ طور پر ریٹائر ہو جائیں گے۔

ان کے بعد اس عہدے پر کسی نئی تقرری کا امکان نہیں ہوگا، جس کے ساتھ ہی یہ منصب مستقل طور پر تحلیل ہو جائے گا۔