بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن: سکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے 22 خوارج ہلاک کردیئے
بنوں میں سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر ایک بڑے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 22 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ کارروائی 24 نومبر کو اس وقت کی گئی جب اطلاعات موصول ہوئیں کہ بھارتی پراکسی خوارج کا گروہ ضلع بنوں میں موجود ہے۔ سکیورٹی فورسز نے مؤثر حکمت عملی کے ساتھ دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تمام 22 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔ کارروائی کے بعد علاقے میں سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی روپوش دہشتگرد یا سہولت کار کو گرفتار کیا جاسکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، نیشنل ایکشن پلان اور فیڈرل ایپکس کمیٹی کے ویژن "عزمِ استحکام” کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ایسے آپریشنز جاری رہیں گے اور ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والی دہشتگردی کا ہمیشہ کے لیے صفایا بنیادی ترجیح ہے۔
دوسری جانب، صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
صدر مملکت نے سکیورٹی اداروں کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارتی پشت پناہی میں سرگرم خوارج کا خاتمہ ریاست کی اولین ترجیح ہے اور شہدا قوم کا فخر ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی بہادر فورسز نے ایک بار پھر دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنائے اور قوم کو فتنہ الہندوستان کے مکمل خاتمے کے لیے متحد ہونا ہوگا۔

