پنجاب میں قومی اسمبلی کی پانچ اور صوبائی اسمبلی کے سات حلقوں پر ضمنی انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 143 ساہیوال 3 میں مسلم لیگ ن کے محمد طفیل 136,223 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ آزاد امیدوار ضرار اکبر چوہدری 13,220 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، میانوالی اور مظفر گڑھ میں پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہی۔ ووٹوں کی گنتی کے بعد نتائج آ رہے ہیں۔
قومی اسمبلی کی دیگر نشستوں میں این اے 96 فیصل آباد 2 کے 345 پولنگ اسٹیشنز میں سے 154 کے غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے محمد بلال بدر 79,278 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں جبکہ آزاد امیدوار نواب شیر وسیر 26,483 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
حلقہ این اے 104 فیصل آباد 10 کے 375 پولنگ اسٹیشنز میں سے 66 کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے دانیال احمد 7,632 ووٹ لے کر آگے ہیں اور آزاد امیدوار رانا عدنان جاوید 3,822 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
این اے 18 ہری پور میں ن لیگی امیدوار آگے ہیں۔ این اے 129 لاہور 13 میں ن لیگ کے حافظ میاں محمد نعمان 14,653 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ آزاد امیدوار ارسلان احمد 9,055 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
حلقہ این اے 185 ڈیرہ غازی خان 2 میں مسلم لیگ ن کے محمود قادر خان 43,594 ووٹ کے ساتھ آگے ہیں اور پیپلز پارٹی کے دوست محمد کھوسہ 19,456 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں پی پی 73 سرگودھا میں مسلم لیگ ن کے میاں سلطان علی رانجھا 25,508 ووٹ لے کر آگے ہیں، پی پی 87 میانوالی میں علی حیدر نور خان نیازی 23,858 ووٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔
پی پی 98 فیصل آباد 1 میں ن لیگ کے آزاد علی تبسم 32,491 ووٹ لے کر آگے ہیں۔ پی پی 115 فیصل آباد 18 میں محمد طاہر پرویز 17,235 ووٹ لے کر آگے ہیں۔ پی پی 116 فیصل آباد 19 میں احمد شہریار 22,773 ووٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔
پی پی 203 ساہیوال 6 میں محمد حنیف 45,165 ووٹ لے کر آگے ہیں۔ پی پی 269 مظفرگڑھ 2 میں پیپلز پارٹی کے میاں علمدار عباس قریشی 34,946 ووٹ لے کر کامیاب ہیں۔

