بنوں میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 8 دہشتگرد ہلاک

بنوں: خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس میں دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔

آپریشن کے دوران ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جبکہ آئی ایس پی آر نے تصدیق کی کہ یہ عناصر سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد حملوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ یہ کارروائی سیکیورٹی اداروں کے مضبوط باہمی تعاون کا حصہ ہے، جس کے نتیجے میں خطے میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز میں نمایاں تیزی آئی ہے۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خوارج کی نقل و حرکت محدود کرنے کے لیے مربوط اور ہم آہنگ حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ علاقے میں کسی بھی باقی رہ جانے والے دہشتگرد عناصر کے خلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے "عزمِ استحکام” وژن کے تحت کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔