سونے کی درآمد و برآمد پر پابندی ختم، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سونے کی درآمد اور برآمد پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔ کابینہ کی منظوری کے بعد وزارتِ تجارت نے پابندی اٹھانے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس میں سونے کی عالمی تجارت سے متعلق معطل شدہ ایس آر او کو بھی بحال کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، قیمتی دھاتوں اور زیورات کی درآمد و برآمد سے متعلق موجودہ فریم ورک برقرار رہے گا، جبکہ نظام میں شفافیت اور خودکار طریقہ کار کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق، رواں سال مئی میں سونے کی اسمگلنگ کی شکایات بڑھنے پر ایکسپورٹ اور امپورٹ پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ 6 مئی 2025 کو وزارتِ تجارت نے سونے کی تجارت منظم کرنے والا ایس آر او 60 دن کے لیے معطل کیا تھا۔

اب حکومتی فیصلہ آنے کے بعد سونے کی عالمی تجارت دوبارہ بحال ہو گئی ہے، جبکہ پالیسی فریم ورک میں چند اہم ترامیم بھی کی گئی ہیں تاکہ مستقبل میں اسمگلنگ اور غیرقانونی تجارت پر قابو پایا جا سکے۔