خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، اہم خارجی سرغنہ سمیت 15 خوارج ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو علیحدہ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 15 خوارج کو ہلاک کر دیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، پہلا آپریشن ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں کیا گیا، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران خارجی گروہ کے سرغنہ عالم محسود سمیت 10 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

دوسرا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کیا گیا، جہاں مزید 5 خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، دونوں علاقوں میں ممکنہ خطرات کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے جبکہ عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھی جائیں گی تاکہ ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کلاچی اور دتہ خیل میں فتنۂ خوارج کے خلاف دو کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی افواج کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔