راجا فیصل ممتاز راٹھور نے وزیراعظم آزاد کشمیر کا حلف اٹھالیا

آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم راجا فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے عہدے کا باضابطہ حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب آزاد کشمیر اسمبلی میں منعقد ہوئی جہاں اسپیکر چوہدری لطیف اکبر نے نو منتخب وزیراعظم سے وزارتِ عظمیٰ کا حلف لیا۔

تقریب میں گورنر گلگت بلتستان مہدی شاہ، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور، ارکانِ اسمبلی، اعلیٰ سول شخصیات اور عسکری حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ کشمیر کے عوام جو یہ محسوس کر رہے ہیں کہ وہ اپنے نمائندوں سے دور ہو گئے ہیں، اب وقت ہے کہ عوام سے ٹوٹا ہوا رشتہ دوبارہ جوڑا جائے۔ انہوں نے پاکستان آرمی اور مقامی سیکیورٹی کمانڈ کو خراجِ تحسین پیش کیا کہ وہ جانیں قربان کر کے سرحدوں کا دفاع کررہے ہیں۔

انہوں نے آصف علی زرداری، فریال تالپور، بلاول بھٹو زرداری اور چوہدری ریاض کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان پر اعتماد کر کے وزارتِ عظمیٰ کی ذمہ داری سونپی۔

اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے عالمی سطح پر کشمیریوں کی تحریکِ آزادی کی بھرپور وکالت کی، اور جب ذوالفقار علی بھٹو کو شہید کیا گیا تو کشمیر کے عوام نے مظفرآباد سے سرینگر تک شدید احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔