شالیمار ایکسپریس اور کینٹ اسٹیشن کی اپگریڈیشن، وزیراعظم نے افتتاح کر دیا

وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی کینٹ اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کے افتتاح کے موقع پر اعلان کیا کہ کراچی سرکلر ریلوے (KCR) کو جلد از جلد بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر کے لیے سرکلر ریلوے ناگزیر ہے اور اس منصوبے کے لیے وہ ہر فورم پر بات کرتے آئے ہیں۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تہران سے استنبول ریلوے روٹ کی بحالی سے پاکستان ریلوے کی ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ شالیمار ایکسپریس کو مکمل طور پر نئی شکل دے دی گئی ہے اور کراچی کینٹ اسٹیشن کی اپ گریڈیشن بھی محکمہ ریلوے کی محنت اور مہارت کا نتیجہ ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ریلوے کا نظام برسوں سے زبوں حالی کا شکار تھا، تاہم وزیر ریلوے حنیف عباسی اور ان کی ٹیم نے اس بوسیدہ ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے بہترین اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے تھرکول کی ٹرانسپورٹیشن کے حوالے سے وفاق اور سندھ حکومت کے اشتراک کو بھی اہم قرار دیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے اسٹیشن کی صفائی کے انتظامات کراچی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سپرد کیے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کے لیے نئی انتظار گاہیں، ڈائننگ روم اور خودکار ٹکٹنگ سسٹم اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کا حصہ ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نے دورۂ کراچی کے دوران شالیمار ایکسپریس کی اپ گریڈ شدہ سروس اور کراچی کینٹ اسٹیشن کی تزئین و آرائش کا افتتاح بھی کیا، جبکہ وزیر ریلوے حنیف عباسی نے انہیں منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔