جدہ، مدینہ، ریاض بطور ٹرانزٹ ہب: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان فضائی کارگو تعاون میں نئی پیش رفت

کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) اور بنگلہ دیش کی بمان ایئر لائنز کے درمیان فضائی کارگو آپریشنز کے لیے ایک تاریخی انٹرلائن اسپیشل پروریٹ معاہدہ طے پا گیا، جس پر عمل درآمد یکم دسمبر 2025ء سے شروع ہوگا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق، یہ شراکت داری دونوں ممالک کے درمیان فضائی مال برداری کو مزید موثر اور آسان بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

معاہدے کے تحت سعودی عرب کے اہم شہروں جدہ، مدینہ اور ریاض کو ٹرانزٹ گیٹ وے کے طور پر استعمال کیا جائے گا، جس سے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سامان کی ترسیل مزید تیز اور منظم ہو جائے گی۔ یہ اقدام خطے میں اسٹریٹیجک ٹریڈ کوریڈور کے قیام کی طرف اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

کارگو تعاون کے نتیجے میں ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکلز، زرعی مصنوعات اور دیگر قیمتی اشیاء کی ترسیل میں درپیش لاجسٹک مسائل کم ہوں گے، جبکہ دونوں قومی ایئر لائنز کے وسیع نیٹ ورک کی بدولت عالمی معیار کے ساتھ کم لاگت کارگو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

پی آئی اے نے اعلان کیا ہے کہ یہ شراکت پاکستانی برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان کے لیے خطے کی سب سے موثر اور قابلِ اعتماد کارگو سروسز تک رسائی کے نئے مواقع فراہم کرے گی۔