پاکستانی بانڈز کی قدر میں اضافہ، بلومبرگ نے مثبت معاشی اشارے پیش کر دیے

عالمی مالیاتی جریدے بلومبرگ نے اپنی تازہ رپورٹ میں پاکستان کی معیشت کے حوالے سے مثبت پیش رفت کو اُجاگر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوطی سے بحال ہو رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے ڈالر بانڈز کی قدر میں اضافے کا رجحان برقرار رہنے کا امکان ہے جبکہ رواں سال یہ بانڈز 24.5 فیصد منافع کے ساتھ پورے ایشیا میں سرفہرست رہے۔

بلومبرگ نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں کے مقابلے میں اب پاکستان عالمی قرض مارکیٹ میں واپسی کے لیے بہتر پوزیشن میں ہے۔ اسی تناظر میں ایس اینڈ پی گلوبل اور فِچ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری لاتے ہوئے اسے اپ گریڈ کیا، جس سے ملکی معیشت کے مستقبل پر سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان رواں سال یوآن بانڈز جبکہ 2026 میں یورو بانڈز عالمی مارکیٹ میں متعارف کرانے کا منصوبہ رکھتا ہے، جو بیرونی فنانسنگ اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

بلومبرگ کے مطابق، پاکستانی بانڈز کی بین الاقوامی مارکیٹ میں ممکنہ واپسی نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو دگنا کر دیا ہے، جو ملک کی معاشی سمت میں نمایاں بہتری کی علامت ہے۔