ملک میں چینی کی قیمت 229 روپے فی کلو تک پہنچ گئی

اسلام آباد: ملک میں چینی کی قیمت میں اضافہ جاری ہے اور زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 229 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کوئٹہ میں چینی کی فی کلو قیمت میں 19 روپے اضافہ ہوا، جو 210 روپے سے بڑھ کر 229 روپے تک پہنچ گئی۔

شماریات کے مطابق، کوئٹہ کے شہری اس وقت ملک میں سب سے مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔ دیگر شہروں میں بھی چینی کی قیمتیں بلند ہیں، پشاور میں زیادہ سے زیادہ فی کلو 200 روپے، کراچی اور اسلام آباد میں 195 روپے جبکہ راولپنڈی میں 190 روپے تک ریکارڈ کی گئی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے میں ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے، جو 2 روپے ایک پیسے کی کمی کے بعد 185 روپے 47 پیسے پر آگئی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے چینی کی اوسط فی کلو قیمت 187 روپے 48 پیسے تھی۔

سالانہ بنیادوں پر بھی چینی کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، کیونکہ ایک سال قبل ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 132 روپے 24 پیسے تھی۔