وزیر دفاع کی سہیل آفریدی کی قیادت پر تنقید، قومی وحدت پر حملوں کا الزام

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو مخاطب کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی پارٹی کی قیادت، بشمول خود سہیل آفریدی، پاکستان کی وحدت پر حملہ کر رہی ہے۔

وزیر دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان میں کہا کہ سہیل آفریدی کی قیادت میں وفاقی دارالحکومت پر بار بار حملے کیے گئے جس سے آئینی عہدوں اور بین الصوبائی احترام کو نقصان پہنچا۔

خواجہ آصف کے مطابق، پارٹی قیادت کی آشیر باد سے ان کے کارکنان سوشل میڈیا پر انتہائی غیر مناسب اور گندی زبان استعمال کرتے ہیں، جس کے اثرات نہ صرف سیاسی ماحول بلکہ آئینی اداروں کی ساکھ پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ایسی سرگرمیوں سے اس وقت بھی بین الصوبائی عزت اور آئینی عہدوں کو ٹھیس پہنچی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ تمام فریقین مل کر ان رویّوں کی مذمت کریں اور ان کا سدباب کریں تاکہ ملکی سیاست میں شائستگی، نظم و ضبط اور قومی یکجہتی کو فروغ دیا جا سکے۔