اسلام آباد میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سنائی گئی سزا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں الگ الگ اپیلیں دائر کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، اپیلیں وکیل خالد یوسف چوہدری کے ذریعے دائر کی گئیں، جن میں عمران خان کی اپیل پر ڈائری نمبر 24560 جبکہ بشریٰ بی بی کی اپیل پر ڈائری نمبر 24561 مختص کیا گیا ہے۔
اپیلوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ استغاثہ سابق حکمران جوڑے کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا اور بلغاری سیٹ توشہ خانہ قواعد کے مطابق اپنے پاس رکھا گیا۔
درخواستوں میں کہا گیا کہ صہیب عباسی کو غیر قانونی طور پر سلطانی گواہ بنایا گیا جبکہ عدالت نے وعدہ معاف گواہ کے بیان پر انحصار کیا جو قانوناً درست نہیں تھا۔
اپیلوں میں مزید مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اسپیشل سینٹرل عدالت کو اس مقدمے کی سماعت کا اختیار ہی حاصل نہیں تھا، ایک ہی جرم میں متعدد بار سزا نہیں دی جا سکتی اور مقدمہ بغیر باقاعدہ تفتیش کے قائم کیا گیا جو سیاسی انتقام کے مترادف ہے۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ توشہ خانہ ٹو کیس کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور اپیلوں کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
یاد رہے کہ اسپیشل جج سینٹرل نے اس کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو مجموعی طور پر 17، 17 سال قید کی سزا سنائی تھی جسے اب ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔

