خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ عباس مجید مروت کے مطابق کرک کے سرحدی پہاڑی سلسلے میں تھانہ خرم کی حدود کرکنڈوں اور بہادر خیل کے علاقوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے بڑا آپریشن کیا۔
آر پی او کوہاٹ کے مطابق، کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے کئی پہاڑی ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے۔
عباس مجید مروت نے بتایا کہ اس کارروائی میں ایک پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوا، جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس حکام کے مطابق، یہ آپریشن دہشت گردی کے خاتمے کی جانب ایک اہم کامیابی ہے اور علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جا سکے۔
سیکیورٹی اداروں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

