بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، 27 دسمبر کو دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چاروں دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد کی موجودگی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق، ویژن “عزمِ استحکام” کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں پوری شدت سے جاری رہیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے قلات میں کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے سیکیورٹی فورسز کا کردار قابلِ فخر ہے۔

