حکومت کا بڑا فیصلہ: عادل راجہ پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت پابندی

حکومتِ پاکستان نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد برطانیہ میں مقیم یوٹیوبر عادل فاروق راجہ پر انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت پابندی عائد کر دی ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق، یہ پابندی انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 11 ڈبل ای/11EE کے تحت لگائی گئی ہے اور عادل فاروق راجہ کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عادل فاروق راجہ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث رہے اور سوشل میڈیا کے ذریعے ریاست کے خلاف بیانیہ پھیلانے کے الزامات ثابت ہونے پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔

وفاقی کابینہ نے داخلہ ڈویژن کی سرکولیشن سمری منظور کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اس فیصلے پر عملدرآمد کی رپورٹ سات دن کے اندر کابینہ ڈویژن کو پیش کی جائے۔

حکومتی مؤقف کے مطابق، یہ اقدام قومی سلامتی کے تحفظ اور ریاست مخالف سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت اٹھایا گیا اہم قدم ہے۔