پنجگور میں خفیہ آپریشن، بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں خفیہ اطلاع پر بروقت اور کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چاروں خوارج مارے گئے۔

ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، جبکہ وہ علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا اور آپریشن عزمِ استحکام پوری رفتار سے جاری رہے گا۔