کوہلو میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، فتنۃ الہندوستان کے 5 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع کوہلو میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی تنظیم فتنۃ الہندوستان کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 25 دسمبر کو موصول ہونے والی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی گئی، جس میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔

شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی یافتہ 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا، جن کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے، جبکہ دیگر ممکنہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن “عزمِ استحکام” کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیرملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب، وزیراعظم نے کوہلو میں کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور انسانیت دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔