وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے دورہ لاہور پر طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کا یورپ دیکھنے لاہور آئے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی کو لاہور آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، ماضی میں علی امین گنڈاپور لاہور آئے تو بتیاں دیکھیں، روٹی کھائی اور تصاویر بنوائیں، اب سہیل آفریدی بھی پنجاب میں ہونے والی ترقی دیکھیں اور اسے خیبرپختونخوا میں جا کر لاگو کریں کیونکہ خود ان کی کابینہ کہتی ہے کہ پشاور بہت گندا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی کو سیاسی، معلوماتی یا تفریحی دورے کی مکمل اجازت ہے لیکن بدزبانی، فساد یا انتشار کی اجازت ہرگز نہیں ہوگی، اگر کسی قسم کی بدتمیزی یا شر انگیزی کی گئی تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ پنجاب یا لاہور میں کسی سیاسی سرگرمی کی آڑ میں اسلحہ اور منشیات لانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ گنڈاپور کے دورے کے دوران بھی پنجاب حکومت نے ہر طرح کی سہولت دی تھی، آج لاہور پولیس نے وزیراعلیٰ کے پی کے اسٹاف سے رابطہ کیا مگر جواب نہیں ملا، ہم مہمانوں کی عزت کریں گے لیکن مہمانوں کو بھی مہمان بن کر رہنا ہوگا۔
دوسری جانب، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی لاہور پہنچ چکے ہیں جہاں وہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن ارکان سے ملاقات اور خطاب کریں گے، اسمبلی سیکرٹریٹ نے ان کے داخلے کی اجازت دے دی ہے جبکہ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے سکیورٹی کے لیے خط بھی لکھ دیا ہے، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی کی آمد پر کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالی گئی۔

