لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو گلبرگ کے علاقے میں جلاؤ گھیراؤ اور گاڑیاں نذرِ آتش کرنے سے متعلق دو مقدمات کا تفصیلی تحریری فیصلہ جاری کر دیا، جس میں شواہد ناکافی ہونے پر 23 ملزمان کو بری جبکہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں سمیت 7 ملزمان کو مختلف سزائیں سنائی گئیں۔
عدالت نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما میاں محمود الرشید کو مختلف دفعات کے تحت الگ الگ سزاؤں کی بنیاد پر مجموعی طور پر 33 سال قید اور 6 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
تحریری فیصلے کے مطابق، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید کی سزا دی گئی، جبکہ عدالت نے قرار دیا کہ ان رہنماؤں کی سازش سے متعلق میٹنگ میں موجودگی ثابت ہوتی ہے اور پراسیکیوشن کے مطابق انہوں نے جلاؤ گھیراؤ کے لیے عوام میں انتشار پھیلایا۔
فیصلے میں بتایا گیا کہ پراسیکیوشن نے عدالت میں مختلف واٹس ایپ پیغامات، 70 سے زائد سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات اور ملزمان کے خلاف فارنزک رپورٹس پیش کیں، جب کہ جے آئی ٹی نے بھی ملزمان کو قصور وار قرار دیا اور کسی ملزم نے جے آئی ٹی رپورٹ کو کسی فورم پر چیلنج نہیں کیا، اگرچہ حتمی بیانات میں ملزمان نے خود کو بے گناہ قرار دیا۔

