ڈی آئی خان اور قلات میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 10 دہشتگرد ہلاک

ڈی آئی خان اور بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے مجموعی طور پر 10 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 24 دسمبر کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، جہاں مؤثر کارروائی کے دوران خارجی رنگ لیڈر دلاور سمیت 2 دہشتگرد مارے گئے۔

ہلاک ہونے والا دلاور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا اور حکومت نے اس کے سر کی قیمت 40 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔

کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جب کہ علاقے میں دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ عناصر کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

اسی روز بلوچستان کے ضلع قلات میں بھارتی پراکسی فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 8 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔

سکیورٹی فورسز نے واضح کیا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن “عزمِ استحکام” کے مطابق غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دونوں آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف قومی عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پوری قوم اس جنگ میں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔