فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کرسمس تقریبات میں شرکت، اقلیتوں کے حقوق کو پاکستان کے نظریے کی بنیاد قرار دیا

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے راولپنڈی کے کرائسٹ چرچ میں کرسمس کی تقریبات میں شرکت کرتے ہوئے مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد دی اور امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فیلڈ مارشل نے مسیحی برادری کے ساتھ خوشیوں بھرے اس موقع کو منایا اور بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے مساوات، آزادی اور مذہبی رواداری کے وژن کو اجاگر کیا۔

فیلڈ مارشل نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو پاکستان کے نظریے کی بنیادی اساس قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت مساوی مواقع اور آئینی اقدار میں مضمر ہے جو مذہب، نسل، ذات اور عقیدے سے بالاتر ہیں۔

چرچ میں موجود افراد سے گفتگو کے دوران انہوں نے قومی ترقی اور سلامتی میں پاکستانی مسیحیوں کے دیرینہ اور قابلِ فخر کردار کو سراہا، جنہوں نے نسل در نسل پاک فوج میں نمایاں خدمات انجام دیں۔

انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور قومی یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلح افواج آئینِ پاکستان کے تحت تمام شہریوں کی عزت، سلامتی اور مساوی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، مسیحی برادری کے رہنماؤں نے فیلڈ مارشل کے دورے پر شکریہ ادا کیا اور ملکی دفاع، مذہبی ہم آہنگی اور قومی اتحاد کے فروغ میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔