اسلام آباد میں کرسمس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے اقلیتی برادری کو مکمل تحفظ کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی اقلیتی شہری کے ساتھ ناانصافی یا زیادتی ہوئی تو قانون پوری قوت سے حرکت میں آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کی آزادی حاصل ہے اور کسی کو من مانی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیر اعظم نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے فرمودات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہندوؤں، عیسائیوں اور سکھوں سمیت تمام اقلیتیں برابر کے حقوق رکھتی ہیں اور ریاست ان حقوق کی محافظ ہے۔
وزیر اعظم نے کرسمس کا کیک کاٹا اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات کو انسانیت کے لیے محبت، خدمت، امن اور رواداری کا پیغام قرار دیا، ساتھ ہی قرآنِ کریم میں حضرت مریمؑ کے بلند مقام کا ذکر کیا۔
انہوں نے پاکستان کی مسیحی برادری کے تاریخی اور قابلِ قدر کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم، طب، سماجی خدمات اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں ان کی قربانیاں باعثِ فخر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک ہم سب کا سانجھا ہے، یہاں سب کے حقوق برابر ہیں اور اقلیتوں کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کے تناظر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مئی میں افواجِ پاکستان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں دشمن کے چھکے چھڑا دیے اور بھارت کے سات طیارے گرائے گئے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
اس موقع پر انہوں نے وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے مسیحی اہلکاروں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب تمام شہریوں کے حقوق، آزادیوں، معاشی آسودگی اور یکساں مواقع کے تحفظ کے لیے کھڑی ہے اور آئندہ نسلوں کے لیے ایک مضبوط، محفوظ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر مشترکہ ذمہ داری ہے۔

