فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جی ایچ کیو میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم سے ملاقات، ایشیا کپ کی تاریخی فتح پر مبارکباد
راولپنڈی: فیلڈ مارشل، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز حافظ سید عاصم منیر نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی اور ایشیا کپ مینز انڈر 19 کی تاریخی فتح پر کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ اور آفیشلز کو دلی مبارکباد دی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فیلڈ مارشل نے ٹیم کی شاندار کارکردگی کو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے نظم و ضبط، ٹیم ورک اور جرات مندانہ کھیل کی بھرپور تعریف کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نوجوان کرکٹرز کی محنت اور لگن کو پاکستان کے نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتوں کا عملی ثبوت قرار دیا اور کہا کہ یہ کامیابی ملک کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔
انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھتے ہوئے مسلسل محنت جاری رکھیں اور میدان کے اندر و باہر پاکستان کے سفیر بن کر قومی وقار کو مزید بلند کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوان قوم کے مستقبل کی بنیاد ہیں اور ان کی توانائی، صلاحیت اور کردار ملکی ترقی اور عالمی سطح پر پہچان کے تعین میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
فیلڈ مارشل نے نوجوانوں کو نظم و ضبط، دیانت داری اور محنت کے ذریعے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
ملاقات کے دوران انڈر 19 ٹیم کے اراکین نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی پر اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ یہ اعزاز ان کے لیے مزید محنت اور بہتر کارکردگی کی مضبوط تحریک ثابت ہوگا۔

