صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سمیت دیگر رہنماؤں نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ جیتنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔
ایوانِ صدر سے جاری بیان میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارت کے خلاف فائنل میں شاندار فتح نوجوان کھلاڑیوں کی محنت، لگن اور عزم کا واضح ثبوت ہے، انڈر 19 ٹیم کی کامیابی پوری قوم کے لیے فخر اور خوشی کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی یہ جیت آنے والے عالمی مقابلوں کے لیے امید کی کرن ہے جبکہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور کوچنگ اسٹاف کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بھارت کو فائنل میں شکست دے کر تاریخ رقم کی، پوری قوم کو اپنے نوجوان کھلاڑیوں پر فخر ہے اور انڈر 19 ٹیم مستقبل میں بھی عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرے گی، انہوں نے ٹیم مینجمنٹ اور پی سی بی چیئرمین کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے پاکستانی عوام کے دل جیت لیے ہیں اور بھارت کو شکست دے کر سبز ہلالی پرچم بلند کیا، ان کا کہنا تھا کہ سمیر منہاس کی شاندار اننگز فتح میں فیصلہ کن ثابت ہوئیں اور یہ کامیابی پورے پاکستان کی کامیابی ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ بھارت کے خلاف فائنل میں سمیر منہاس کی بیٹنگ پرفارمنس قابلِ تعریف رہی، کھلاڑیوں کی محنت اور عمدہ کارکردگی کا نتیجہ شاندار فتح کی صورت میں سامنے آیا، یہ کامیابی شائقینِ کرکٹ کے لیے خوشی اور فخر کا لمحہ ہے اور رائزنگ اسٹارز پر سرمایہ کاری کا ثمر ہے۔
انہوں نے دبئی میں کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف سے ملاقات بھی کی اور ایشیا کپ جیتنے پر انہیں مبارکباد دی۔

